اسلام آباد:
پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کا واقعہ کیسے پیش آیا، اس حوالے سے انکوائری نے 4 اعلیٰ افسران سے تحریری جواب مانگ لیا ہے۔
چیئرمین انکوائری کمیٹی نے پمز کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 4 افسران سے وضاحت طلب کی ہے۔
افسران کو مکمل تفصیلات بتانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں بتانا ہوگا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی؟ 4 اعلیٰ افسران کو تحریری بیان جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔
انکوائری کمیٹی کی جانب سے افسران سے واقعے کی وجوہات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی جواب طلب کیا گیا ہے۔
پمز انتظامیہ کے افسران کو آج صبح 8 بجے تک بیان جمع کروانے کا حکم دیا گیا تھا۔
دوسری جانب، نئے وفاقی سیکریٹری ہیلتھ کیپٹن محمود رائے نے رات گئے پمز اسپتال کے باہر ٹینٹ نصب کروا دیا۔
پمز اسپتال کے باہر ٹینٹ میں لائٹنگ اور پنکھوں کا انتظام کر دیا گیا، ٹینٹ میں کرسیاں لگا کر شہریوں کے بیٹھنے اور شکایات سننے کا بھی انتظام کیا گیا۔
وفاقی سیکریٹری ہیلتھ محمود رائے روزانہ کیمپ میں بیٹھ کر پمز کا جائزہ لینے سمیت اسپتال میں انتظامی امور اور سہولیات کا روزانہ جائزہ لیں گے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی شکایات بھی سنیں گے۔
واضح رہے کہ 27 اگست (12 ربیع الاؤل) کی صبح 6 بجے کے قریب پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔