پاک ایران تجارت جاری ہے، تہران کیخلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کے پابند نہیں، پاکستان

فیلڈ مارشل کا دورۂ ایران پاکستان کی امن کیلیے ثالثی کوششوں کا حصہ تھا، امریکا سے منسلک کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک August 27, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک ایران تجارت جاری ہے۔ پاکستان تہران کیخلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کرنے کا پابند نہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔ 31 اگست کو بشکیک میں ایس سی او سربراہ اجلاس ہو رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مغربی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ایرانی قیادت نے کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ دفتر خارجہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر ٹرمپ کے ایلچی کے طور پر دورہ تہران کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ کشیدگی میں کمی کی پاکستانی کی کوشش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قیام امن کی بات چیت کی بحالی کے لیے پرخلوص کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم کی ترک وزیر خارجہ سے 3 بار ٹیلیفونک بات ہوئی۔ نائب وزیراعظم کی لندن میں آئی ایم او کے سربراہ سے صومالیہ میں پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات ہوئی۔ لندن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 19 اگست کو نائب وزیراعظم کی موریطانیہ کے وزیر خارجہ سے اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم اور یو این سیکریٹری جنرل کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے کردار کے حوالے سے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم کی برازیل اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شام کے وزیر خارجہ نے 19 برس بعد پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان شام کی آزادی، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ 22 اگست کو 11 مسلم ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔ فضائی اڈے پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ مسلم ممالک نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کے حوالے سے مشترکہ مذمتی بیان جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی دور پیرس میں منعقد ہوا۔ پاکستان نے 17 اگست کو یو این کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھالی ہے۔ نیپال میں سیلابی ریلوں سے جانیں مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہیں۔ پاکستان نے عبوری افغان حکومت کے وزیر دفاع کی جانب سے دو طرفہ میکنزم کے قیام کی تجویز نوٹ کی ہے۔ افغان طالبان کو زبانی دعووں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان ریاستی سطح پر ادارہ جاتی میکنزم کے لیے تیار ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ مکہ معاہدے کا مقصد علاقائی سلامتی ہے۔اجتماعی ذمہ داریوں اور سلامتی کے حوالے سے مشترکہ مقاصد والے ممالک کے لیے فورم کھلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سابق بھارتی سی ڈی ایف کے کیرانہ پہاڑوں کے حوالے سے دعووں کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ تاریخ حقائق سے بنتی ہے نہ کہ بالی ووڈ انداز کے بیانیے سے۔ لڑائی کے بعد جو مکا یاد آئے وہ اپنے ہی منہ پر مارنا چاہیے۔ پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کے باہر توڑ پھوڑ پر ویانا کنونشن کے تحت احتجاج کیا ہے۔ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں تجاوزات کے خلاف بلاتخصیص کارروائی کی گئی۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں تمام متعلقہ ممالک کے مشنز کے اجلاس میں تجاوزات کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں ہونے والی کارروائی کو نئی دہلی میں بلانوٹس کارروائی سے جوڑا نہیں جا سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کے دورے کو امریکا سے منسلک کرنے کی خبریں بےبنیاد ہیں۔ فیلڈ مارشل کا دورہ خالصتا ثالثی کوششوں کا حصہ تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ تجارت بین الاقوامی تجارت قوانین کے تابع ہے۔ پاک ایران تجارت جاری ہے اور پاکستان اسے فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کا پابند نہیں۔ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی کی پابندیاں عائد ہوں تو معاملہ دوسرا ہو گا۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے دائرے سے باہر پابندیوں جیسے یکطرفہ اقدامات کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آر ایس ایس ہمیشہ پاکستان مخالف اقدامات میں ملوث رہی۔ آر ایس ایس مسلمانوں کے خلاف تشدد اور پاکستان کیخلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت پھیلانے میں ملوث ہے۔ موہن بھگوت کے دورہ امریکا پر تبصرہ نہیں کر سکتے، یہ امریکا اور بھارت کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی ایف کا دورہ آبنائے ہرمز کھلوانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش سب کو متاثر کر رہی ہے۔ پاکستان پُرامید ہے لیکن حتمی فیصلہ تہران اور واشنگٹن کو کرنا ہے۔ سی ڈی ایف نے اپنے دورہ تہران میں پرخلوص کوشش کی ۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو ڈیمارش کیا گیا۔  آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس کا معاملہ ایک وسیع البنیاد بحث کا حصہ ہے۔ توقع ہے افغان طالبان رجیم انسداد دہشتگردی کے حوالے سے ذمہ داری پوری کرے گا۔  طالبان رجیم کسی کے کہنے پر پاکستان کو فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے ذریعے غیر مستحکم کرے گا تو اسے پراکسی کہا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں بستیاں بسانے کا کوئی حق نہیں۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کو سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی غیرقانونی قرار دے چکی ہیں۔ مغربی کنارے میں آبادکاری کے حوالے سے اسرائیلی دعوے بےبنیاد ہیں۔