چینی مارکیٹ میں پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی طلب، برآمدات میں نمایاں اضافہ

پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی برآمدات چین کے ساتھ مضبوط تجارتی تعاون اور برآمدی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہیں


ویب ڈیسک August 28, 2026

چینی مارکیٹ میں پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی طلب کے نتیجے  میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ  ہوا ہے۔

پاکستان کی برآمدی صنعت عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھا کر معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں چین کو پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں 2026 کے پہلے 7 ماہ کے دوران 41 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برآمدات میں اضافے کے باعث چین کو پاکستان کی سی فوڈ برآمدات 156 ملین ڈالر سے بڑھ کر 220 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ جنوری تا جولائی فروزن فش، کٹل فش اور اسکویڈ کی برآمدات نمایاں رہیں  جن سے مجموعی طور پر 76.43 ملین ڈالر آمدن حاصل ہوئی۔

پاکستانی سی فوڈ کی طلب چین کے اہم ساحلی صوبوں فوجیان، گوانگ ڈونگ، شاندونگ اور ژی جیانگ میں بھی بڑھی ہے۔ برآمدی مواقع میں اضافے کے ساتھ تقریباً 200 پاکستانی سی فوڈ برآمد کنندگان چینی کسٹمز کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

’چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے‘ کے تحت ترجیحی مارکیٹ رسائی نے سمندری مصنوعات کی برآمدات کو مزید سہولت فراہم کی ہے۔ سمندری خوراک کا شعبہ برآمدات میں تنوع، روزگار کے مواقع اور عالمی تجارتی روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی برآمدات چین کے ساتھ مضبوط تجارتی تعاون اور برآمدی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔