سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے دی

سری لنکا کے 310 رنز کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 43.5 اوورز میں 233 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔


ویب ڈیسک August 26, 2014
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4، محمد حفیظ 3 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 77 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

سری لنکا کے شہر ہمبن ٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آئرلینڈرز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مخالف بولروں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 43.5 اوورز میں 233 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ محمد حفیظ 62 رنز بنا سکے جبکہ احمد شہزاد 56، کپتان مصباح الحق 36 اور فواد عالم 30 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 17، صہیب مقصود اور شرجیل خان 9،9 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 جبکہ لیستھ ملنگا، رنگانا ہیراتھ اور پراسانا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے تھسارا پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے کپتان انجیلو میتھیوز کے جارحانہ 93 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے جس میں مہیلا جے وردھنے 67، تھسارا پریرا 65 اور اوپل تھارنگا 27 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کئے جبکہ محمد حفیظ 3 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی شکست کے بعد تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں