فیلڈ مارشل عاصم منیرکا پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ، جدید اسلحہ کے ٹرائلز کا مشاہدہ

آرمی چیف کو ادارے کے مختلف شعبوں، آپریشنز اور مقامی سطح پر جدید عسکری سازوسامان کی تیاری پر بریفنگ دی گئی


ویب ڈیسک August 29, 2026

راولپنڈی:

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید اسلحہ کے ٹیسٹ و ٹرائلز کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے میں پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدات کے امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں ادارے کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ادارے کے مختلف شعبوں، آپریشنز اور مقامی سطح پر جدید عسکری سازوسامان کی تیاری پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ادارے میں جاری جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران مقامی پیداوار اور صنعتی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بالخصوص 2 نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔