کراچی:
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، جس سے کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 3200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی قیمتوں کا گراف تیزی سے اوپر کی جانب گامزن ہے۔
اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3093 روپے، پشاور میں 3100 روپے، راولپنڈی میں 3067 روپے، حیدرآباد میں 2940 روپے اور بنوں میں 2900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی ترین انسانی ضرورت کا حصول بھی انتہائی مشکل اور مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے۔ کوئٹہ میں قیمت 2850 روپے، جبکہ سرگودھا، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں یہ 2800 روپے مقرر ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور میں 2740، لاڑکانہ اور خضدار میں 2700، سکھر میں 2500، لاہور میں 2300 اور فیصل آباد میں 2200 روپے فی تھیلا قیمت ہے۔
شہریوں نے حکومت سے آٹے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی بنانے کی اپیل کی ہے۔