اسلام آباد کے مراکز صحت میں لائف سیفٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ

آئی ایچ آر اے نے مراکز صحت کو لائف سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کے لیے 7 یوم کی مہلت دے دی


ضیغم نقوی August 30, 2026

اسلام آباد:

پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد اسلام آباد کے مراکز صحت میں لائف سیفٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے مراکز صحت کو مراسلہ لکھ دیا۔

آئی ایچ آر اے نے مراسلے میں لکھا کہ مراکز صحت فائر وار لائف پروٹیکشن انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیں، مراکز صحت مریض و عملے کی حفاظت کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق فائر و لائف پروٹیکشن اقدامات کریں، مراکز صحت سی ڈی اے فائر ڈیپارٹمنٹ سے فائر سیفٹی کی این او سی لیں۔

اسی طرح مراکز صحت رجسٹرڈ کنٹریکٹرز سے فائر پروٹیکشن سسٹم کی تنصیب کروائیں۔ مراکز صحت فائر ڈیٹیکشن، الارم اور سپریشن سسٹم نصب کریں جبکہ ہائیڈرنٹس، آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب، فعالیت یقینی بنائیں۔ مراکز صحت ہنگامی خارجی دروازوں کی دستیابی و فعالیت یقینی بنائیں۔

آئی ایچ آر اے مراسلے میں لکھا ہے کہ مراکز صحت عملے کی لائف سیفٹی ٹریننگ و ڈرلز یقینی بنائیں، مراکز صحت فائر پروٹیکشن سسٹم کی ٹیسٹنگ رپورٹ کرائیں، مراکز صحت لائف سیفٹی اقدامات بارے عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔

آئی ایچ آر اے نے مراکز صحت کو لائف سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کے لیے 7 یوم کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراکز صحت فائر و لائف سیفٹی انتظامات کی عمل درآمد رپورٹ جمع کروائیں۔

مراسلے کے مطابق آئی ایچ آر اے مراکز صحت میں لائف سیفٹی اقدامات کا معائنہ کرے گی، لائف سیفٹی بارے احکامات پر عمل نہ ہونے پر سخت کارروائی ہوگی۔