شریف برادران اپنے تکبر اور انا کی وجہ سے بند گلی میں آگئے ہیں پرویز الٰہی

نواز شریف اور شہباز شریف کے پاس اب استعفے کا ہی راستہ بچا ہے، رہنما مسلم لیگ (ق)


ویب ڈیسک August 26, 2014
ٹریبونل نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ذمہ داری شہباز شریف اور پنجاب حکومت پر عائد کی ہے، پرویز الہیٰ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف اپنے تکبر اور انا کی وجہ سے بند گلی میں آگئے ہیں، اب ان کے لئے صرف استعفے کا ہی راستہ بچا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کے دوران چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے بائیکاٹ اور گواہوں کی عدم پیشی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ کے جوڈیشل ٹریبونل نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تمام تر ذمہ داری وزیراعلیٰ شہباز شریف اور پنجاب حکومت پر عائد کی ہے۔ رپورٹ میں واضح طور پر کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس اور ان کے بیان حلفی میں تضاد پایا جاتا ہے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں بھی ایف آئی آر درج نہ ہو تو اس سے بڑی ناانصافی نہیں ہوسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے لیکن اندھیر نہیں ۔

پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف اپنے تکبر اور انا کی وجہ سے ایک بند گلی میں آگئے ہیں، اب ان کے لئے صرف استعفے کا ہی راستہ بچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں اپوزیشن کے لئے الگ قانون ہے اور حکمرانوں کے لئے علیحدہ ۔ ہم اگر احتجاج کرتے ہیں تو ہمارے چاروں طرف کنٹینر لگا دیئے جاتے ہیں، ہمارا پانی بھی بند کردیا جاتا ہے۔ جب حکمران ریلیاں نکالیں تو ان کے لئے سب کچھ جائز ہوتا ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں نکالی گئی ریلی کے شرکا سرکاری ملازم تھے جن کی وہاں پر باقاعدہ حاضریاں لگائی گئیں۔ ہم اس ملک میں ایسی تبدیلی چاہتے ہیں جس سے عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں۔ اس ملک میں غریبوں کو انصاف دلانے کے لئے ہم باہر نکلے ہیں، ہماری منزل اب زیادہ دور نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں