اسلام آباد:
ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاک ترک دوستی کے جذبے سے بھرپور خصوصی نغمہ ”دو دل، ایک جان“ جاری کردیا۔
نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت اور باہمی محبت کی خوبصورت عکاسی کی ہے۔
”دو دل، ایک جان“ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے ترتیب دی ہے۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔
اس منفرد نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اردو اور ترک زبان کے امتزاج کے ساتھ اس پیشکش میں شامل تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں۔ نغمے میں دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت اور اقدار کو بھی نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں رباب، ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش دھنوں کو شامل کیا گیا ہے جو پاک ترک دوستی کی خوبصورت موسیقائی تصویر پیش کرتی ہیں۔
اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج پر مبنی یہ نغمہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔