معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری پر منتقل کررہے ہیں، وزیر خزانہ

عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری سے تعاون مزید بڑھانا ہوگا، محمد اورنگزیب


ویب ڈیسک August 31, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب لے جارہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے۔ معاشی ترقی کا عمل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے جڑا ہے۔ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانےکے لیے  مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔ برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ حکومت پاکستان کی معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل کررہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری سے تعاون مزید بڑھانا ہوگا۔