امریکی گلوکارہ ڈولی پارٹن کے انتقال کے بعد کیلیفورنیا میں واقع ان کا سابقہ ویک اینڈ کاٹیج اچانک توجہ کا مرکز بن گیا جسے تقریباً 20 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آنجہانی ڈولی پارٹن اس گھر کو 2004 سے 2014 تک استعمال کرتی رہی ہیں اور اب ان کی وفات کے بعد برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور امریکا سے ممکنہ خریداروں نے پراپرٹی میں دلچسپی ظاہر کرنا شروع کردی۔
گلوکارہ ڈولی پارٹن کے ویک اینڈ کاٹیج کی خریداری کے لیے دنیا بھر سے دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس گھر کے لیے 20 ملین ڈالرز تک کی ایک باضابطہ پُرکشش پیشکش بھی موصول ہوئی ہے۔
ڈولی پارٹن کا سادہ مگر خاص ٹھکانہ
کیلیفورنیا کے شہر سولوانگ میں موجود یہ کاٹیج دیگر مشہور شخصیات کی پرتعیش رہائش گاہوں کے مقابلے میں نسبتاً سادہ ہے۔ تقریباً 1100 مربع فٹ پر مشتمل یہ گھر تین گھروں کے کمپاؤنڈ کا حصہ ہے جہاں مجموعی طور پر 7 بیڈ رومز اور 6 باتھ رومز موجود ہیں۔
ڈولی یہاں زیادہ تر ویک اینڈ گزارنے عموماً اپنی بچپن کی دوست جوڈی اوگل کے ہمراہ آتی تھیں۔ پراپرٹی کے مالک کے مطابق ڈولی کی آمد سے قبل گھر میں تازہ پھول سجانے اور ان کی پسندیدہ اسپیم سے فریج بھرنے کی خصوصی ہدایت ہوتی تھی۔
گھر میں آج بھی ڈولی کی یادیں
گھر میں ڈولی کے دور کی کئی نشانیاں اب بھی موجود ہیں۔ ان میں فارم ہاؤس طرز کی تزئین، لکڑی کا خوبصورت کام اور ان کا سابقہ وگ روم بھی شامل ہے جو تقریباً 12 بائی 13 فٹ کے تبدیل شدہ گیراج میں بنایا گیا تھا۔
یہ جگہ کبھی ڈولی کے ڈریسنگ ایریا سے منسلک تھی اور اسے رنگ برنگی لپ اسٹکس، گلابی و سرخ رنگوں اور چمک دمک سے بھرپور ایک گلیمرس گوشے کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
ڈولی کی پرائیویسی بھی خاص تھی
گھر کی سیکیورٹی بھی غیر معمولی تھی۔ ڈولی کے بیڈروم میں کبھی اتنا بھاری اسٹیل کا دروازہ نصب تھا کہ اسے ہٹانے کے لیے تین افراد کی ضرورت پڑتی تھی۔
گھر کی کھڑکیوں کو بھی اس انداز میں تیار کیا گیا تھا کہ باہر سے اندر موجود افراد کو دیکھنا ممکن نہ ہو، یعنی ڈولی کی نجی زندگی کو خاص اہمیت دی گئی تھی۔
شہر خریدنے پر تیار، مگر میئر کا انکار
پراپرٹی کے موجودہ مالک نے کہا ہے کہ اگر سولوانگ انتظامیہ یہ گھر خرید کر ڈولی کے مداحوں کے لیے محفوظ رکھنا چاہے تو وہ قیمت میں کچھ کمی پر غور کرسکتے ہیں۔
تاہم سولوانگ کے میئر ڈیوڈ براؤن نے شہر کی جانب سے پراپرٹی خریدنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈولی سے محبت کے لیے ضروری نہیں کہ کوئی عمارت خریدی جائے۔
دلچسپ بات: ڈولی کے گھر کی قیمت کتنی تھی؟
ڈولی پارٹن نے یہ گھر کتنی رقم میں خریدا تھا، اس کی قیمت کبھی منظر عام پر نہیں آئی۔ ریکارڈ کے مطابق سابق مالک نے یہ پراپرٹی 1999 میں 1 لاکھ 85 ہزار ڈالر میں خریدی تھی۔
موجودہ مالک نے 2022 میں پورا کمپاؤنڈ 13 لاکھ ڈالر میں خریدا اور تقریباً ایک لاکھ ڈالر تزئین و آرائش پر خرچ کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خریداری کے آخری مرحلے تک انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ یہ جگہ کبھی ڈولی پارٹن کی ملکیت رہ چکی ہے۔