شاہد کپور کی بہن سنہا نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ دیا ’’شاندار‘‘ میں کام کریں گی

سنہا فلم میں عالیہ بھٹ کی بہن کا کردار نبھائیں گی، والد پنکج کپور دونوں اداکاراؤں کے باپ بنیں گے


Showbiz Desk August 27, 2014
وکاس بھل کی ہدایتکاری میں فلم کی عکسبندی لندن میں جلد شروع ہوگی، بالی ووڈ میں شروعات اچھی ہیں، جلد بڑے کردار بھی کرونگی، سنہا فوٹو : فائل

اداکار شاہد کپور کی بہن سنہا (Sanah Kapoor) نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ دیا ہے۔

وہ اپنے بھائی کے ساتھ فلم ''شاندار'' میں نظر آئیں گی اور وہ اس میں اداکارہ عالیہ بھٹ کی بہن کا کردار نبھائیں گی۔ اطلاعات کے مطابق شاہد کپور جو ان دنوں اپنی فلم ''حیدر'' کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، جلد ہی نئی فلم ''شاندار'' کی شوٹنگ میں مصروف ہو جائیں گے۔ اس سلسلہ میں بتایا گیا ہے کہ وکاس بھل کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں ان کی بہن سنہا کپور بھی کام کر رہی ہیں۔ شاہد کپور نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم ''شاندار'' میں نہ صرف میری بہن سنہاکپور (Sanah Kapoor) بلکہ والد پنکج کپور بھی کام کر رہے ہیں۔

مگر انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ سنہا کا فلم میں کیا کردار ہے۔ تاہم یہ طے ہو چکا ہے کہ سنہا فلم میں عالیہ بھٹ کی بہن کا کردار نبھائیں گی جب کہ پنکج کپور جو ٹی وی اسکرین کے بعد پہلی مرتبہ سینما اسکرین پر دکھائی دینے جا رہے ہیں، عالیہ اور سنہا کے والد کا کردار اداکریں گے۔

فلم کی عکسبندی جلد ہی لندن میں شروع کر دی جائے گی۔ سنہا کپور جو نیویارک کی مشہور یونیورسٹی لاسٹراٹسبرگ تھیٹر اینڈ فلم انسٹی ٹیوٹ سے اداکاری کی تربیت حاصل کر چکی ہیں، کا کہنا ہے کہ شوبز یا فلم انڈسٹری میں آنا میرے لیے کوئی بڑی یا اچانک بات نہیں اس سے قبل میرے والد ٹی وی کے متعدد ڈراموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ بھائی شاہد کپور بھی متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اس لیے میرے بالی ووڈ میں قدم رکھنے میں کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔

سنہا کپور کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل نیویارک کے ایک مشہور اسکول سے اداکاری کی تربیت حاصل کر چکی ہوں۔ پہلی ہی فلم میں اپنے بھائی اور والد کے علاوہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جس میں میں عالیہ کی بہن کے کردار میں ہوں۔ یہ زیادہ بڑا کردار تو نہیں ہے مگر اس کے باوجود میں سمجھتی ہوں کہ بالی ووڈ میں میری شروعات اچھے طریقے سے ہو رہی ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی بڑے رول بھی ملنا شروع ہو جائیں گے اور شائقین میری اداکاری کو پسند کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔