ستمبر 1965 کی جنگ کا چھٹا روز؛ فیلڈ مارشل ایوب خان نے قوم کو کیا پیغام دیا؟

پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 ستمبر 1965 کو لاہور پر کیے گئے بھارتی حملے کو ناکام بنایا


ویب ڈیسک September 06, 2026

اسلام آباد:

بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری کی جانب سے پاکستان کے خلاف مکمل جنگ کا اعلان کیا گیا تو اس وقت کے فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے بھی قوم کو اہم پیغام دیا۔

فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، ہمارے بہادر سپاہی دشمن کا حملہ پسپا کرنے کے لیے آگے بڑھ چکے ہیں۔

ایوب خان نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اپنی جرأت اور بہادری ثابت کریں گی اور بہادر افواج کا جذبہ ناقابلِ تسخیر ہے، ہمارا عزم کبھی کمزور نہیں پڑا، افواج پاکستان دشمن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گی۔

برطانوی وزیراعظم ہیرالڈولسن نے بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔

پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 ستمبر 1965 کو لاہور پر کیے گئے بھارتی حملے کو ناکام بنایا۔ پاک فوج کی واہگہ اور بیدیاں کے مقام پر بروقت کارروائی نے بھارتی حملہ پسپا کرتے ہوئے انہیں بھاری نقصان سے دوچار کیا۔

پاک فوج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بھی بنایا۔ پاک فوج کی بہترین حکمت عملی کے باعث لاہور کے محاذ پر متعدد بھارتی ٹینک، بندوقیں اور دیگر جنگی سازو سامان تباہ کر دیا گیا۔

جسر کے مقام پر گھمسان کی جنگ کے بعد دریائے راوی کا جنوبی علاقہ بھارتی تسلط سے آزاد کروا لیا گیا۔ بازیاب شدہ علاقہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں سے اٹا پڑا تھا جبکہ لاشوں کی تعداد 800 تک رپورٹ کی گئی۔

بھارتی افواج کو چھمب کے مقام پر بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، تقریباً 35 بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا اور 6 کے قریب 25 پاؤنڈز فیلڈ گنز بھی قبضہ میں لے لی گئیں۔

پاک فضائیہ نے پٹھان کوٹ کے ہوائی اڈے پر کامیابی سے حملہ کرتے ہوئے بھارت کے 22 جہاز تباہ کیے۔

سن 1965 کی جنگ میں پاکستانی عوام کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا، ہزارہا شہری اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ نعرے لگا کر فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔