لاہور:
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ایشین گیمز میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلیں، جبکہ مختلف کھیلوں میں قومی کھلاڑیوں سے میڈلز کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
پی او اے کی سینیئر نائب صدر فاطمہ لاکھانی قومی دستے کی سربراہ ہوں گی۔ پاکستان کا دستہ 248 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہوگا، جن میں سے 93 افراد کو پاکستان اسپورٹس بورڈ مالی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ دیگر کھلاڑی اور آفیشلز متعلقہ فیڈریشنز، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنی مدد آپ کے تحت گیمز میں شرکت کریں گے۔
سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کبڈی، والی بال، شوٹنگ، اسکواش، باکسنگ، ہاکی اور کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں میڈلز ملنے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ملک کی نمائندگی کے لیے ہیڈ آف اسٹیٹ، ہیڈ آف گورنمنٹ اور ہیڈ آف اسپورٹس کو شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم مقررہ تاریخ تک کسی جانب سے شرکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
خالد محمود کے مطابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ ایشین گیمز میں واحد حکومتی نمائندے کے طور پر شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایشین گیمز کے پہلے مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم 13 اور 14 دسمبر کو جاپان پہنچے گی۔
سیکرٹری پی او اے کے مطابق کھلاڑیوں کو ڈوپنگ اور دیگر اہم امور سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے سال میں تین مرتبہ لیکچرز اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔