نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کی تعیناتی سے متعلق متنازع مواد نشر کرنے پر صحافی بلال غوری گرفتار

ذرائع نے کہا کہ ایکس اور یوٹیوب پر مبینہ متنازع مواد نشر کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔


صالح مغل September 06, 2026

این سی سی آئی اے نے معروف صحافی اور ولاگر بلال غوری کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔

بلال غوری کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات 20، 26 اے کے تحت درج کیا گیا، ان کی گرفتاری نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کی تعیناتی سے متعلق سوشل میڈیا متنازع مواد پر کارروائی عمل میں لائی گی۔

ایف آئی آر نمبر 143/2026 کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20 اور 26-A کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق محمد بلال غوری نے 5 ستمبر 2026 کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) کے نیشنل کوآرڈی نیٹر کی تقرری سے متعلق مواد اپ لوڈ اور نشر کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ایکس پر رات 1 بج کر 22 منٹ پر ایک پوسٹ جبکہ یوٹیوب پر 16 منٹ 6 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی۔

ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ مواد میں نیکٹا کے نیشنل کوآرڈی نیٹر کی تقرری کے عمل اور اس سے متعلق حالات کے بارے میں الزامات شامل تھے، جنہیں مبینہ طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق دستیاب مواد میں پیکا ایکٹ کی دفعات 20 اور 26-A کے تحت قابلِ تعزیر جرم کے شواہد موجود ہیں، جس کے بعد مجاز اتھارٹی کی اجازت سے مقدمہ درج کیا گیا

این سی سی آئی اے کی انکوائری میں سوشل میڈیا مواد مبینہ طور پر گمراہ کن قرار دیا گیا جب کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ گمراہ کن معلومات پھیلانے کا بھی الزام ہے۔