سعیداجمل کی رپورٹ ہونے پر پی سی بی ایکشن میں آگیا

مشکوک بولرز کی نشاندہی اور مددکیلیے کمیٹی قائم،اقبال قاسم سربراہ ہوں گے

مشکوک بولرز کی نشاندہی اور مددکیلیے کمیٹی قائم،اقبال قاسم سربراہ ہوں گے۔ فوٹو: فائل

سعیداجمل کا بولنگ ایکشن رپورٹ کیے جانے پر پی سی بی ایکشن میں آگیا۔

مشکوک بولرز کی نشاندہی اور مدد کیلیے کمیٹی قائم کردی، اقبال قاسم سربراہ ہوں گے، دیگر ارکان میں محمد اکرم، مشتاق احمد، علیم ڈار اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے مشکوک ایکشن کے حامل بولرز کے گرد شکنجہ سخت کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے، گذشتہ چند ماہ میں سعید اجمل سمیت کئی بولرز کی رپورٹ ہوئی، سچترا سینانائیکے اور کین ولیمسن پابندی کی زد میں آچکے،پاکستانی اسپنر کے مستقبل کا فیصلہ 2 ہفتے میں ہونا ہے، اس صورتحال میں پی سی بی بھی ایکشن میں آگیا ہے۔


نو منتخب چیئرمین شہریار خان کی زیر سربراہی 23 اگست کو این سی اے میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے 30ویں اجلاس میں مختلف امور کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری پر بھی غور کیا گیا، ارکان کا خیال تھا کہ ملکی سطح پر کھیل کے ڈھانچے میں ضروری اقدامات کے بغیر تسلی بخش نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے، اس موقع پر اراکین نے مختلف تجاویز بھی دیں، ان کی روشنی میں گذشتہ روز چیئرمین پی سی بی نے 4 مختلف کمیٹیز بنانے کی منظوری دی۔

غیر قانونی بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے کمیٹی میں گورننگ بورڈ کے رکن اور سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کو رکھا گیا ہے، دیگر ارکان میں بولنگ کوچ این سی اے محمد اکرم، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد، آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار اور سینئر جی ایم ا سپورٹس میڈیسن ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں، علیم ڈار کی عدم دستیابی کی صورت میں یہ ذمہ داری احسن رضا انجام دیں گے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ اوائل عمری میں ہی مشکوک ایکشن کی نشاندہی ضروری ہے، 16 سے 19 سال کے بولرز کو اکیڈمی میں بلاکر خامیاں درست کرنے کیلیے کام کیا جا سکتا ہے۔
Load Next Story