پاک بھارت تلخی کے باعث کرکٹ کے بھینٹ چڑھنے کا خطرہ

چیمپئنز لیگ میں لاہورکی شرکت غیریقینی، بھارتی بورڈ نے گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال کر ہاتھ جھاڑ لیے


Sports Desk August 27, 2014
چیمپئنزلیگ میں لاہورکی شرکت غیریقینی، بھارتی بورڈ نے گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال کر ہاتھ جھاڑ لیے فوٹو: فائل

کرکٹ کے پاک بھارت تلخی کی بھینٹ چڑھنے کا خطرہ بڑھنے لگا، لاہور لائنز کی چیمپئنز لیگ میں شرکت پر غیریقینی کے بادل چھا گئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے گیند اپنی حکومت کے کورٹ میں ڈال کر ہاتھ جھاڑ لیے، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ جو حکم ملا اسی پر عمل کریں گے، پی سی بی پر بھی یہ واضح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کا آغاز 13 ستمبر سے بھارت میں ہونا ہے، بھارتی بورڈ نے پاکستانی چیمپئن سائیڈ لاہور لائنز کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی محاذ پر ایک بار پھر کشیدگی سے معاملات بگڑ گئے ہیں۔

اس وقت بھارت میں پاکستان مخالف حکومت قائم ہے جس نے کچھ دنوں قبل سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھی منسوخ کردیے تھے، گذشتہ کچھ دنوں سے سرحد پار سے بلاجواز اور اشتعال انگیز فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس صورتحال میں چیمپئنز لیگ میں لاہور لائنز کی شرکت مشکوک دکھائی دینے لگی، حسب سابق اس بار بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے معاملہ اپنی حکومت کے سر ڈال کر ہاتھ جھاڑ لیے ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے وزارت داخلہ سے لاہور لائنز کی ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے رائے طلب کی گئی تاہم گذشتہ روز تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا۔

بورڈ کے ایک ٹاپ آفیشل نے کہا کہ ہم چیمپئنز لیگ میں پاکستانی سائیڈ کی شرکت کے حوالے سے فی الحال ''دیکھو اور انتظار کرو'' کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں، ہمیں اس ہدایت پر عمل کرنا ہے جو حکومت کی جانب سے موصول ہوگی، اس بارے میں ہم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت نے سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستانی ٹوئنٹی 20 چیمپئن سائیڈ پر اس ایونٹ کے دروازے کافی عرصے بند رکھے تھے تاہم گذشتہ 2 ایونٹس میں سیالکوٹ اسٹالینز اور پھر فیصل آباد وولفز نے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا، دونوں ٹیمیں اس سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں