تیسرا ون ڈے کاغذی بنگال ٹائیگرز ایک پھونک سے ہی اڑگئے

ویسٹ انڈیز 91 رنز سے فتحیاب، کلین سوئپ مکمل، رامدین اور براوو کی سنچریاں


Sports Desk/AFP August 27, 2014
ویسٹ انڈیز91 رنز سے فتحیاب، کلین سوئپ مکمل، رامدین اور براوو کی سنچریاں۔ فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے کاغذی بنگال ٹائیگرز کو ایک پھونک سے اڑا دیا، تیسرے ون ڈے میں 91 رنز سے پچھاڑ کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

338 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹ پر 247 رنز بنا پائی، کپتانی خطرے میں دیکھ کر مشفیق الرحیم نے 72 رنز جڑ دیے، تمیم اقبال نے 55 رنز بنائے، روی رامپال نے 4 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے 7 وکٹ پر 338 رنز اسکور کیے، سنچری میکرز دنیش رامدین اور ڈیرن براوو کے درمیان 258 رنز کی ریکارڈ شراکت ہوئی، الامین حسین نے 4 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے میں صرف 70 رنز پر ڈھیر ہونے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے 339 رنز کا ہدف سامنے دیکھ کر سنبھل کر کھیلنے کا ارادہ کیا ہی تھا کہ انعم الحق کو صفر پر جیسن ہولڈر نے سیمی کی مدد سے پویلین واپس بھیج دیا، اگلے اوور میں رامپال نے امرالقیس کو ایک رن پر کیمار روئچ کا کیچ بنوایا۔ اس موقع پر دوسرے اوپنر تمیم اقبال اور کپتان مشفیق نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔

تمیم 55 رنز پر نارائن کی گیند پر بولڈ ہوئے، مومن الحق (5) ڈیوائن براوو کی وکٹ بنے، کیچ سیمی نے تھاما، 163 کے مجموعی اسکور پر مشفیق بھی سیمی کا ہی کیچ بن گئے، کامیاب بولر رامپال تھے، انھوں نے 113 بالز پر 72 رنز بنائے، محمود اللہ (27) روئچ کا شکار ثابت ہوئے جبکہ رامپال نے ناصر حسین (26) اور سوہاگ غازی (24) کو آؤٹ کیا، اس طرح مقررہ اوورز میں مہمان سائیڈ 8 وکٹ پر 247 رنز تک محدود رہی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے دونوں اوپنرز سمنز اور گیل کے 6، 6 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود 7 وکٹ پر 338 رنز بنائے، رامدین اور ڈیرن براوو کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 258 رنز کی شراکت ہوئی جوٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیلیے سے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے،338 اس کا پانچواں بڑا مجموعہ ہے۔ رامدین نے 169 اور براوو نے 124 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں