کراچی، پانی کی ٹنکی سے ڈھائی ماہ کی بچی کی لاش ملنے کا معمہ حل، قاتل چچا گرفتار

ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا، پولیس


اسٹاف رپورٹر September 09, 2026

کراچی:

سرجانی ٹاؤن میں پانی کی ٹنکی سے ڈھائی ماہ کی کمسن بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا معمہ حل ہوگیا پولیس نے بچی کے چچا کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق بدھ کی صبح سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 بی میں ایک گھر کی پانی کی ٹنکی سے ڈھائی ماہ کی نور فاطمہ کی لاش ملی تھی۔

پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد بچی کے والدین سے تفتیش کی جس کے دوران واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔ پولیس نے بچی کے چچا محمد حماد ولد جاوید افضل کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے اور ذاتی وجوہات کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق بچی کی پیدائش کے بعد سے اس کے والد اور چچا کے درمیان یہ تنازع چل رہا تھا کہ بچی کس کی اولاد ہے۔

تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ بچی کی والدہ اور اس کے دیور محمد حماد کے درمیان مبینہ تعلقات تھے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے اور دیور سے تعلقات کا اعتراف بھی کیا ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق مرکزی ملزم کے علاوہ بچی کے والدین سے بھی تفتیش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سرجانی میں درج کیا جا رہا ہے۔