13 سالہ پاکستانی لڑکا ایک سال سے بھارتی جیل میں قید
13 سالہ پاکستانی لڑکا کاشف جو ایک سال قبل لاپتہ ہوگیا تھا، بھارتی جیل میں قید ہے۔
دیپالپور اوکاڑہ کا رہنے والا کاشف گذشتہ سال 18 ستمبر کو بھارت دیکھنے کے شوق میں بارڈرپارکرکے بھارت کے حسینی والا گاؤں پہنچ گیا جس کے بعد بھارتی فوج نے اسے گرفتارکرلیا تھا۔
کاشف کے گھروالوں نے اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ منڈی احمد آباد پولیس اسٹیشن میں درج کرائی لیکن کاشف کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
ایکسپریس نیوزکے نمائندے کے مطابق کاشف بھارت میں فرید کوٹ جیل کے چائلڈ آبزرویشن سینٹرمیں قید ہے۔ بھارتی جیل انتظامیہ نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ انھوں نے حکومت پاکستان اورلڑکے کے گھر والوں کوکئی خط لکھے لیکن کوئی جواب نہ ملا۔
دوسری جانب کاشف کے گھر والوں کو اس کی گھرواپسی کا شدت سے انتظار ہے اور اس کی ماں نے حکومت سے فریاد کی ہے اس کے بیٹے کو جلد رہا کروایا جائے۔