صدر مملکت آصف زرداری لندن سے خصوصی طیارے پر پاکستان کیلئے روانہ

صدر آصف علی زرداری کا برطانیہ میں قیام ایک ہفتہ سے زائد رہا اور اس دوران انہوں نے مختلف میڈیکل چیک اپ کرائے، ذرائع


ویب ڈیسک September 09, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

صدر مملکت آصف علی زرداری لندن میں ایک ہفتے سے زائد قیام کے بعدخصوصی طیارے پر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت لندن سے نجی کمپنی کے پرائیویٹ جہاز پر وطن واپس آر ہے ہیں جبکہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری کا طیارہ لندن میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے اڑان نہیں بھر سکا تھا۔

صدرآصف علی زرداری نے لندن میں وطن روانگی سے قبل صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی طبعیت کیسی ہے تو اس پر صدر مملکت نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے۔

صدر مملکت سے صحافیوں نے سوال کیا کہ لندن میں قیام کیسا رہا، جس پر صدرنے جواب دیا لندن میں اچھا وقت گزرا، بعد ازاں صدر آصف علی زرداری کو پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے الوداع کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا برطانیہ میں قیام ایک ہفتہ سے زائد رہا اور اس دوران انہوں نے مختلف میڈیکل چیک اپ کرائے، وہ تقریباً 6 برس کے بعد برطانیہ کے دورے پر تھے۔