روسی ڈرون حملے کا خطرہ، یوکرینی صدر کے طیارے کو اُڑان بھرنے سے روک دیا گیا

ڈرون چیِشیناؤ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 160 کلومیٹر دور پھٹا


ویب ڈیسک September 10, 2026

روسی ڈرون حملے کے الرٹ کے باعث مولدووا کی فضائی حدود بند ہونے سے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا ناروے کے لیے روانہ ہونے والا طیارہ مقررہ وقت پر پرواز نہ کرسکا۔

مولدووین حکومت کے ترجمان کے مطابق منگل کو زیلنسکی کے طیارے کو اس وقت اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی جب تصدیق ہوگئی کہ ایک روسی ڈرون مولدووا کی حدود میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

ڈرون چیِشیناؤ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 160 کلومیٹر دور پھٹا جس کے باعث فضائی حدود میں عارضی پابندیاں عائد کی گئیں۔

فضائی حدود بند رہنے کے دوران 3 پروازوں کی روانگی اور 4 پروازوں کی آمد متاثر ہوئی، بعد ازاں پابندیاں ہٹائے جانے پر زیلنسکی کا طیارہ تاخیر سے ناروے کے لیے روانہ ہوگیا۔

مولدووین حکام کے مطابق منگل کو 2 روسی ڈرون ملک کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ایک دارالحکومت کے شمال میں کھیت میں جاگرا جس سے آگ بھڑک اٹھی، جبکہ دوسرا ڈرون رومانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔

مولدووا کی صدر مایا ساندو نے ڈرونز کی دراندازی کو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے یوکرین کے ساتھ سرحدی گزرگاہ پر روسی ڈرون حملے کی بھی مذمت کی، جس میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔

مولدووا کے امریکا میں سفیر نے امریکی نیوز چینل سے گفتگو میں خدشہ ظاہر کیا کہ یہ واقعہ محض حادثہ نہیں تھا۔