شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومنہ آباد میں سرکاری اسکول کی خستہ حال دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس کے مطابق اورنگی ٹاؤن بلاک ایل فٹبال گراؤنڈ بلدیہ اسکول کے قریب دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ریسکیو رضاکاروں نے جائے وقوعہ پہنچ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
مرنے والے نشے کے عادی تھے، ترجمان ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ
ایس پی ویسٹ کے ترجمان نے بتایا کہ مومن آباد کے علاقے میں اسکول کی خستہ حال دیوار گرنے سے 05 افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ اسکول کی دیوار گرنے سے 07 افراد ملبے تلے دبے تھے جن میں سے 5 جاں بحق ہوئے۔
ترجمان ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نشئی افراد دیوار سے سریا نکالنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے دوران حادثہ پیش آیا۔
وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے کے واقعے میں پانچ شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔