ٹماٹرکھانے سے ’’مردوں میں غدود کے کینسر‘‘ کا خطرہ کم ہوجاتا ہے تحقیق

جو شخص ہفتے میں 10 ٹماٹر کھاتا ہے اس میں کینسر کی بیماری کا خطرہ 20 فیصد کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق


ویب ڈیسک August 27, 2014
ٹماٹر مردوں کے غدودی کینسر کے خلاف زبردست مزاحمت پیدا کرتا ہے، تحقیق۔ فوٹو فائل

یوں تو تمام ہی سبزیاں اپنے اندر طاقت اور صحت کا خزانہ رکھتی ہیں تاہم کچھ تو بڑی بڑی بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور علاج میں انتہائی کارآمد ثابت ہوئیں ہیں اور اب سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کینسر جیسی بیماریوں کے خلاف شیلڈ کا کام کرتا ہے۔

برطانیہ میں کی گئی نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جو شخص ایک ہفتے میں 10 ٹماٹر کھاتا ہے تو اس میں کینسر کی بیماری کا 20 فیصد خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال غدودی کینسر کے 35 ہزار کیسز سامنے آتے ہیں جبکہ 10 ہزار افراد اس بیماری کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار جاتے ہیں، اسی لیے ماہرین کا خیال ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کا کثرت سے استعال کینسر سمیت کئی بیماریوں کے سدباب کا باعث ہے۔

برطانوی تحقیقاتی ٹیم نے 50 سے 69 سال کے درمیان عمر کے 20 ہزار افراد کی زندگی گزارنے کا مطالعہ کیا، ان کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جو شخص ہر ہفتے 10 تازہ ٹماٹریا ان کا جوس استعمال کرتے ہیں ان میں غدود کے کینسر کی بیماری کا خطرہ 24 فیصد کم ہوجاتا ہے، برسٹل یونیورسٹی کی پروفیسر وینیسا ار کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق نے ثابت کیا ہےکہ ٹماٹر مردوں کے غدودی کینسر کے خلاف زبردست مزاحمت پیدا کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر میں یہ خصوصیت ''لائیکوپین'' کی بدولت ہے، لائیکو پین ایک اینٹی آکسیڈینٹ ایجنٹ ہے جو ڈی این اے اور سیل کی توڑ پھوڑ کے خلاف جسم میں قوت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر 2 اہم کینسر کے خلاف کام کرنے والے جز سیلینیم اور کیلشیم پاستا اور دودھ سے بنی غذاؤں میں پائے جاتے ہیں اس لیے ان غذاؤں کا استعمال بھی کینسر کے خلاف اہم ہے۔

اکثر ماہرین کا کہنا ہے مردوں کو ان 3 قسم کی غذاؤں کا استعمال بڑھانا چاہئے کیوں کہ ان سے غدودی کینسر کا خدشہ کم ہو جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔