’جیسا کرو گے ویسا بھرو گے‘؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کا جیل سے لکھا گیا خط

عوام کے پاس کھانے کے لیے خوراک تک نہیں، ایک کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں ، خط


محمد ہارون September 17, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے  رہنماؤں کے جیل سے لکھے گئے خط میں حکومت پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور سرفراز چیمہ نے جیل سے اپنے وکیل کی وساطت سے میڈیا کو پہنچائے گئے خط میں مہنگائی، صحت، تعلیم، زراعت اور امن و امان کی صورتحال پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

خط میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے مکمل افراتفری پیدا کردی ہے، جبکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے 42 فیصد لوگوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ بچوں میں غذائی قلت، مناسب طبی سہولیات کی کمی، اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور بنیادی صحت کے نظام کی صورتحال نے پنجاب کے عوام کی زندگی انتہائی مشکل بنادی ہے۔

خط میں شریف خاندان کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے حالات میں ان کے رویے کو سمجھنا مشکل ہے اور وہ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ کے لیے ایک پُرتعیش طیارہ خریدا گیا ہے اور عوام اب بھی اس وضاحت کے منتظر ہیں کہ ان کا پیسہ ایسے طیارے کی خریداری پر کیوں خرچ کیا گیا۔

خط میں مزید  کہا گیا کہ عوام کے پاس کھانے کے لیے خوراک تک نہیں، ایک کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور صاف پانی صرف اشرافیہ کو میسر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ معیشت کو سہارا دینے والے زرعی شعبے کو ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی سے خارج کردیا گیا۔ زراعت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جبکہ شوگر کارٹل اب چینی کی برآمد میں مصروف ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے امن و امان کی صورتحال کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات بڑے پیمانے پر سامنے آرہے ہیں۔ خط میں سینیٹ کمیٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق 80 فیصد کیس پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا شاہانہ طرز زندگی اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان مکمل خلیج پیدا ہوچکی ہے۔

خط میں خیبرپختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو مشکوک، نامناسب اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے خیبرپختونخوا میں احساسِ بیگانگی مزید بڑھے گا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے خط میں کہا کہ ’’جیسا کرو گے ویسا بھرو گے‘‘ اور آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مشکل وقت سے نکلنے میں مدد فرمائے۔