کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا ملزم آلہ قتل کی برآمدگی کے دوران پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ گولی لگنے سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ غربی طارق الہٰی مستوئی نے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس افسر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو آلہ قتل (سریا) کی نشان دہی و برآمدگی کے لیے پولیس حراست میں موقع پر لے کر گئے تھے، پولیس افسر و اہلکار آلہ قتل (سریا) ڈھونڈنے میں مصروف تھے تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکار کا پسٹل نکال لیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے فرار کی کوشش کے دوران چھینے گئے پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
طارق الہٰی مستوئی کا کہنا تھا کہ ساتھی پولیس افسر کی حفاظت خود اختیاری میں کی گئی جوابی فائرنگ سے ملزم محمد ہمایوں خان موقع پر ہلاک ہوگیا اور ہلاک ملزم سے پولیس اہلکار کا چھینا گیا پسٹل قبضہ میں لے لیا گیا اور وہاں سے آلہ قتل (سریا) بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ہلاک ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور ان کے 3 بچوں کو بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا تھا اور پولیس نے تفتیش کے بعد بتایا تھا کہ واقعے میں مقتولہ کے شوہر دانش کا بہنوئی ہمایوں ملوث ہے اور ملزم کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ مسرور کے ساتھ پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ زیر حراست ہمایوں کو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزم نے دوران تفتیش چاروں قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں ڈیڑھ سال قبل دانش کا کرایہ دار تھا اور اسی گھر کی بالائی منزل پر رہتا تھا، تاہم ڈیڑھ سال قبل دانش نے اپنے بہنوئی کو گھر سے نکال دیا تھا۔