رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں پاکستانی معیشت میں بہتری کے نمایاں رجحانات

معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری پاکستان میں بڑھتی کاروباری سرگرمی اور مضبوط ہوتے معاشی اعتماد کی عکاس ہے


ویب ڈیسک September 18, 2026

رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں پاکستانی معیشت میں بہتری کے نمایاں رجحانات سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اگست میں 70 فیصد کمی سے صرف 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا جبکہ 2 ماہ کا خسارہ 36 فیصد کم ہوا ہے۔ اسی طرح بیرونی کھاتوں میں بہتری کے ساتھ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ 3 فیصد اور ماہانہ 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن 45 فیصد بڑھ کر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار ہو گئی اور مالی سال 2027 کے ابتدائی 2 ماہ میں 7.3 ارب ڈالر پاکستان پہنچےجبکہ ترسیلات زر میں سالانہ 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سروسز برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد اور فری لانسرز کی آمدن میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری پاکستان میں بڑھتی کاروباری سرگرمی اور مضبوط ہوتے معاشی اعتماد کی عکاس ہے۔