پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ 27 ستمبر کو پتا چلے گا ریاست اپنی رِٹ کیسے قائم کرتی ہے، طلال چوہدری

حکومت پی ٹی آئی کو دوبارہ اسلام آباد آمد پر کسی قسم کی سختی یا کان پکڑ کر سمجھانے جیسے رویے پر مجبور نہیں ہونا چاہتی، وزیر مملکت داخلہ


ویب ڈیسک September 19, 2026

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو پتا چل جائے گا کہ ریاست اپنی رِٹ کیسے قائم کرتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  میں بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مجوزہ اسلام آباد مارچ کے دوران ریاست اپنی رٹ قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا پورا اختیار رکھتی ہے۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت پی ٹی آئی کو دوبارہ اسلام آباد آمد پر کسی قسم کی سختی یا کان پکڑ کر سمجھانے جیسے رویے پر مجبور نہیں ہونا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کی تاریخ آنے پر سب واضح ہو جائے گا کہ ریاست اپنی رٹ کیسے قائم کی جاتی ہے۔

خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی انسداد دہشت گردی سے متعلق وزیراعظم کے سہ ماہی اجلاسوں میں شرکت سے گریز کرتے ہیں، تاہم این ایف سی ایوارڈ میں حصہ بڑھانے اور فنڈز کے حصول کے لیے انہیں فوراً وفاق کی یاد آ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اب تک این ایف سی کے تحت 700 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کا مکمل حساب دینا ان کی ذمہ داری ہے۔  صوبائی حکومت سیاسی دھرنوں اور مارچ کے بجائے ان فنڈز کے درست استعمال اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کرے۔