کراچی: گھر کے اندر فائرنگ سے مسجد کے پیش امام قتل

علاقے میں 2 مشکوک افراد صبح سے موٹر سائیکل پر مقتول کے گھر کے ارد گرد گھوم رہے تھے، علاقہ مکین


ویب ڈیسک September 22, 2026

کراچی:

سرجانی ٹاؤن لیاری 36 گھر میں داخل ہوکر مسجد کے پیش امام کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے لیاری 36 سیکٹر ای جامعہ مسجد فیضان یوسف سے متصل گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔

فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی، مقتول کی شناخت 32 سالہ محمد منیر ولد رشید احمد کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن ناصر محمود کے مطابق مقتول جامع مسجد فیضان یوسف میں پیش امام تھا اور مسجد سے متصل 2 کمروں کے گھر میں تنہا مقیم تھا جبکہ مقتول وہیں تعویز وغیرہ بھی دیا کرتا تھا، مقتول کا آبائی تعلق اوچھ شریف سے تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول منیر کی طبعیت ناساز تھی اور اس وجہ سے وہ مسجد بھی نہیں گیا تھا، دوا لیکر گھر میں ہی موجود تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق صبح سے علاقے میں 2 مشکوک افراد موٹر سائیکل پر مقتول کے گھر کے ارد گرد گھوم رہے تھے، ملزمان کو جیسے ہی موقع ملا وہ مقتول کے گھر میں داخل ہوگئے جبکہ مقتول اور ملزمان کے درمیان کافی دیر بات چیت بھی ہوتی رہی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اس دوران ان کے درمیان جھگڑا بھی ہوا اور جھگڑے کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں مقتول سینے اور گردن پر دو گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوا۔

پولیس کے مطابق مسلح ملزمان کی تعداد دو تھی جوکہ موٹر سائیکل پر آئے تھے، فائرنگ کے واقعے کی نوعیت کے حوالے سے فوری کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ پولیس نے جائے وقوع سے شوہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔