پروٹیز نے ہنستے کھیلتے رنز کا پہاڑ عبور کرلیا

ڈی ویلیئرز اورڈو پلیسی نے سنچریاں جڑ کر ٹیم کو آسٹریلیا پر7 وکٹ سے فتح دلائی،فنچ کی تھری فیگر اننگز رائیگاں


AFP/Sports Desk August 28, 2014
آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 327 رنز بنائے، ایرون فنچ نے سال میں اپنی تیسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 102 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: ٹرائنگولر سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز نے ہنستے کھیلتے رنز کا پہاڑ عبور کر لیا، ٹیم نے328 رنز کا ہدف3 وکٹ پر حاصل کیا۔

ابراہم ڈی ویلیئرز اور فاف ڈو پلیسی نے سنچریاں جڑ کرآسٹریلیا پر7 وکٹ سے فتح دلائی، اس سے قبل کینگروز نے7 وکٹ پر 327 رنز بنائے، فنچ نے تھری فیگر سجائی، جارج بیلی نے 66 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کو ہرارے کے بیٹسمینوں کیلیے موزوں پچ اور چھٹی بائونڈریزکے حامل اسپورٹس کلب گرائونڈ پر فتح کیلیے 328 رنز کا ہدف ملا، جس کے جواب میں2کھلاڑی 51 رنز پر آئوٹ ہوگئے، ہاشم آملا نے کین رچرڈسن کی شارٹ اور وائیڈ گیند کو پوائنٹ پر موجود فیلڈر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں میں پہنچا دیا۔

انھوں نے 24 رنز بنائے، کوئنٹین ڈی کاک بھی 19 رنزبناکر مچل اسٹارک کی شارٹ گیند کا شکار ہوئے، جسے درست انداز میں پل نہ کرنے کی وجہ سے وہ ڈیپ اسکوائر لیگ پر جیمز فالکنر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔اس موقع پر فاف ڈو پلیسی اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 206 رنز بناکر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، ڈو پلیسی نے 98 بالز پر ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے، انھیں اسٹارک نے اسمتھ کی مدد سے قابوکیا تاہم ڈی ویلیئرز نے پال ڈومنی کی مدد سے 20 بالز قبل ہی ٹیم کو فتح دلا دی۔

دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے71 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنی، ڈی ویلیئرز 136پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 106 میں سے 2گیندوں پر چھکے اور 11 پر چوکے لگائے، پال ڈومنی نے33 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 327 رنز بنائے، ایرون فنچ نے سال میں اپنی تیسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 102 رنز اسکور کیے، بیلی نے 66 اور فل ہیوز نے 51 رنز بنائے، مورن مورکل، ریان میکلرین اور عمران طاہر نے 2،2وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں