کرم سیکٹر میں فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش پاک فوج نے ناکام بنا دی، طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار

پاکستان سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی، دشمن کی توپیں خاموش کروا دی گئیں


ویب ڈیسک September 23, 2026
فوٹو: فائل

پاک فوج نے کُرم سیکٹر سے افغان طالبان کی زیر نگرانی ہونے والی فتنۃ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ شروع کی۔

پاکستان سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ پاک فوج کے ہاتھوں افغان طالبان کی پوسٹوں کی تباہی کے مناظر کی ویڈیو سامنے آگئی۔

سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی زیر نگرانی فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کی گئی جس کا بارڈر پر موجود بہادر جوانوں نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلااشتعال نشانہ بنایا۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا۔

پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے فورسز مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔