2025 کا پاک بھارت تنازع یاد دہانی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو غیرحل شدہ چھوڑنا خطرناک ہے، اسحاق ڈار

کشمیری 8 دہائیوں سے اقوام متحدہ کے تحت حق خودارادیت کے منتظر ہیں


ویب ڈیسک September 23, 2026

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے مئی 2025 کا پاک بھارت تنازع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو غیرحل شدہ چھوڑنا خطرناک ہے۔

او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کشمیری 8 دہائیوں سے اقوام متحدہ کے تحت حق خودارادیت کے منتظر ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم تہذیبی اور مذہبی شناخت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، مقبوضہ وادی میں صحافیوں کی آواز دبائی جارہی، عالمی مبصرین کو بھی رسائی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہندوستان نے بغیر تحقیقات کے پاکستان پر بے بنیادالزامات لگائے، پاکستان نے اپنے دفاع میں ذمہ دارانہ اور متوازن جواب دیا، مئی 2025 کا پاک بھارت تنازع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو غیرحل شدہ چھوڑنا خطرناک ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا ہندوستان 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلناچاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنماؤں اور نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔