عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن کے بغیر سفر کی تاریخ میں توسیع

مزید 15 دن کا اضافہ کردیا ہے، عمرہ زائرین اب 10 اکتوبر تک بغیر ویکسی نیشن سفر کر سکتے ہیں، فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ


اسٹاف رپورٹر September 23, 2026

کراچی:

عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن کے بغیر سفر کی تاریخ بڑھا دی گئی۔

وفاقی ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق ویکسی نیشن کے بغیر سفر پر مزید 15 دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے، عمرہ زائرین اب 10 اکتوبر تک بغیر ویکسی نیشن سفر کر سکتے ہیں، عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور ویکسی نیشن کے عمل میں آسانی کے لیے مدت میں توسیع کی گئی ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے انٹرنیشنل ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر 24 ستمبر سے 24 گھنٹے فعال کردیا جائے گا، ویکسی نیشن سینٹر ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ کے اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں قائم کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق بین الاقوامی سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ ویکسی نیشن کی ضرورت مسافر کی منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے پروگرام کے مطابق طے کی جائے گی، کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسی نیشن کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسی نیشن کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے،پولیو ویکسی نیشن مسافروں کو مفت فراہم کی جائے گی۔

بارڈر ہیلتھ انتظامیہ کے مطابق انفلوئنزا ویکسی نیشن ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں جبکہ میننجائٹس ویکسینیشن 12 سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ہوگی۔ بین الاقوامی مسافروں کے لیے پولیو ویکسی نیشن سال میں ایک مرتبہ قابل اطلاق ہوگی۔حمل کی صورت میں موجودہ انتظامات کے تحت صرف انفلوئنزا ویکسی نیشن دی جائے گی، جبکہ دودھ پلانے والی مائیں انفلوئنزا، پولیو اور میننجائٹس ویکسی نیشن کراسکتی ہیں۔

ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کی ڈسپنسری میں نادرا کے پانچ سہولت سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جیکب لائن ڈسپنسری میں آئندہ ہفتے سے ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔ بائیومیٹرک تصدیق میں دشواری کی صورت میں مسافر کو مجاز عملے کے پاس بھیجا جائے گا بائیومیٹرک تصدیق ناکام ہونے کی صورت میں ضرورت کے مطابق دستی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاسکے گا،نادرا، پاک آئی ڈی یا ای سہولت کی ادائیگی کی رسید 90 روز تک قابل استعمال ہوگی جبکہ غیر ملکی شہریوں کو قابل اطلاق ویکسی نیشن کی ضرورت سےمستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

بارڈر ہیلتھ سروسز نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی ویکسی نیشن تصدیق کے لیے ٹریول ایجنٹس کو فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ ایئرلائنز، ٹریول ایجنٹس اور گراؤنڈ ہینڈلرز مسافروں کو ویکسی نیشن کے تقاضوں سے آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

حکام کے مطابق جعلی یا مشکوک ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس قبول نہیں کیے جائیں گےجبکہ جعلی ویکسی نیشن دستاویزات رکھنے والے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ویکسی نیشن اور روانگی سے قبل صحت کی تصدیق کے عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، ہیلتھ آفیسر کی قانونی ہدایات کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے،تمام ایئرلائنز اور ٹریول ایجنٹس کو مسافروں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس کی پری ڈیپارچر تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔