سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 8 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا، سیکیورٹی ذرائع


ویب ڈیسک September 24, 2026

سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری  ہیں جب کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن  میں 8دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ و گولہ بارود اوردیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج کی جانب سے سیکیورٹی فورسز سے بچنے کیلئے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی مہارت سے خوارج کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔