پشاور ہائیکورٹ نے شوکت یوسفزئی کی ہرجانہ کیس کے خلاف اپیل خارج کر دی

کیس کی بار بار کال ہوئی لیکن نہ درخواست گزار اور نہ ہی ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، عدالت


ویب ڈیسک September 25, 2026

پشاور:

پشاور ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کی ہرجانہ کیس میں جرمانے کے خلاف اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ کیس کی بار بار کال ہوئی لیکن نہ درخواست گزار اور نہ ہی ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، جس کے باعث اپیل خارج کرنے کے علاوہ عدالت کے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کا اس کیس میں انٹرسٹ ختم ہو چکا ہے، درخواست کی عدم پیروی پر اپیل خارج کی جاتی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے شوکت یوسفزئی کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا۔ ڈسٹرکٹ کورٹ نے ہرجانہ کیس میں سابق صوبائی وزیر کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

شوکت یوسفزئی نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے اور ہرجانے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جسے عدالت نے ان کی اور ان کے وکیل کی جانب سے کیس کی پیروی نہ کرنے پر خارج کر دیا۔