لانگ مارچ ملتوی کیا ہے ختم نہیں، وزیراعظم واپس آکر پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں، حافظ نعیم

پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا تو لانگ مارچ دوبار شروع ہوجائے گا، لاہور میں جلسے سے خطاب


فوٹو: اسکرین گریب

لاہور:

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے لانگ مارچ ملتوی کیا ہے ختم نہیں کیا، وزیراعظم واپس آکر پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں ورنہ مارچ دوبار شروع ہوجائے گا۔

لاہور وحدت روڈ پر جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے جلسے کے راستے بند کرنے کی کوشش کی، ہمیں جلسے کے انتظامات نہیں کرنے دیئے گئے، کارکنوں نے حکومت کے سارے انتظامات ختم کرکے جلسہ کیا، مارچ کو ہم نے صرف روکا ہے ختم نہیں کیا حکومت اپنے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ جیسی پارٹیاں پرانی ہوچکی ہیں یہ صرف فارم 47 کے سہارے پر ہیں یہ عوام کے آگے بہہ جائیں گی، ہم نے تو اپنے پورے ایجنڈے کے نکات بھی سامنے نہیں رکھے، ابھی تو ہم نے لیوی بھتہ کے خاتمے کی بات کی ہے، اب جسے پاکستان میں سیاست کرنے ہے اسے عوام کی خدمت کی سیاست کرنی ہوگی، اب جو عوام کے ساتھ نہیں کھڑا ہوگا وہ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکمران اپنی عیاشیاں اور جہاز نہیں چھوڑ سکتے، ان کا ایک ایک بیرون ملک دورہ عوام کو کروڑوں میں پڑتا ہے، یہ جو لینڈ مافیا، پٹرول مافیا اور دیگر مافیا ہمارے سروں پر مسلط ہیں یہ نہیں بچیں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جب جماعت اسلامی عوام کے حق کےلئے نکلتی ہے حکومت تو ایک طرف اپوزیشن پارٹیاں بھی اس کے خلاف باتیں کرتی ہیں، اپوزیشن پارٹیوں سے سوال ہے کہ جب عوام پر ٹیکس اور بھتہ لگایا جارہا ہوتا ہے آپ لوگ کہاں ہوتے ہیں، عوام کو لوٹنے کےلئے آئی پی پیز لگائی گئیں، کئی آئی پی پیز نے بیرون ملک اپنی رجسٹریشن کرائی تاکہ ان پر ملکی قانون نہ لگ سکے، جب آئی پی پیز بنائی گئیں تو کبھی پیپلز پارٹی اور کبھی ن لیگ کی حکومت تھی، آئی پی پیز بجلی بناتی نہیں ہیں تب بھی ان کو ادائیگیاں ہوتی رہتی ہیں، بجلی پر مختلف ٹیکسز لگا کر عوام کو لوٹتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں مل کر جاگیر داروں اور وڈیروں کے ذریعے قابض رہی ہیں، جب ملک کے وسائل کو لڑنا ہو تو سب مل جاتے ہیں، جب سود کی بات ہو تو یہ سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، جب قصور کی زینب پر ظلم ہوا اور جماعت اسلامی نے سخت قانون بنانے کی بات کی تب بھی یہ اکٹھی ہوگئیں، لیوی بھتہ کے ذریعے عوام سے اربوں اکٹھے کئے جارہے ہیں، سب پارٹیوں میں وہی لوگ بیٹھے ہیں، ان کے جھگڑے سب کے ذاتی ہیں، یہ سب اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھنے والی ہیں، ہم جب کسی مسئلے میں کھڑے ہوتے ہیں تو وہ حل کراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز پر ہم نے احتجاج کیا تو اس کا نتیجہ نکلا، ہم نے جدوجہد کرکے بجلی میں عوام کو ریلیف دلایا، اب لیوی کے خلاف اٹھے ہیں تو یہ بھی حل کرائیں گے، یہ ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، وزیراعظم نے ہم سے تین سے چار دفعہ رابطے پر مارچ کو روکا ہے، یہ جو پیکج دے رہے ہو یہ ریلیف نہیں ہے، ریلیف نہیں چاہیے لیوی ختم کرو، آج لاہور کے جلسہ کا مقصد یہی ہے کہ حکومت دیکھ لے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں، اگر وزیراعظم ریلیف دیں گے تو اسلام آباد جاکر شکرانہ ادا کریں گے ورنہ پورے زور کے ساتھ جائیں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ میں ان وزرا سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ چاپلوسی کےلئے یہ نہ کہیں کہ ہم نے مارچ روک دیا تو یہ نہ کریں، ہمیں نمبر ٹانکنے کی ضرورت نہیں آپ لیوی ختم کردو چاہے کریڈٹ لے لو، ایران میں عرصہ دراز سے پابندیوں کے باوجود وہاں تیس سال سے انڈر گراؤنڈ ٹرین چل رہی ہے، یہاں ماس ٹرانزٹ کیوں نہیں ہے؟ آپ کو صرف یہ چاہیے کہ نواز شریف کا نام یا مریم کی تصویر لگ جائے، مریم نواز نے پنجاب کے اچھے بھلے تعلیم کے نظام کو تباہ کردیا، اسکول بیچ دیئے، اچھے بھلے اسپتالوں کو مریم نواز ہیلتھ کلینک بنا کر تباہ کردیا، کسان کو کھا د بلیک میں مل رہی ہے، مریم نواز تم نے زراعت کو بھی تباہ کردیا، مریم نواز تم گیارہ ارب کے جہاز کا جواب دو جسے تم ذاتی دوروں کےلئے استعمال کرتی ہو۔