لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیل سے لبنان کے تمام علاقوں سے مکمل انخلا، جنگ بندی کے استحکام اور ملک میں ہتھیاروں پر ریاستی اختیار یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے کہا کہ لبنان کسی دوسرے کی جنگ کا میدان یا سودے بازی کا مہرہ نہیں بنے گا اور ملک کی جانب سے کوئی اور بات نہیں کرے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ لبنان نے طویل عرصے تک سیکیورٹی، استحکام اور معیشت کی صورت میں بھاری قیمت ادا کی ہے لیکن اب ریاستی اداروں کو ملک کے تمام علاقوں میں مکمل اختیار ملنا چاہیے۔
لبنانی وزیراعظم نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ لبنان کی تمام سرزمین سے واپس جائے۔ امریکی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کا بنیادی مقصد اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا، لبنانی قیدیوں کی رہائی اور بے گھر افراد کی اپنے گھروں کو واپسی ہے۔
نواف سلام نے واضح کیا کہ جنگ اور امن سے متعلق فیصلے صرف لبنانی حکومت کے پاس ہونے چاہئیں اور ہتھیاروں پر بھی ریاست کی اجارہ داری ضروری ہے۔ لبنان میں دو فوجیں یا دو الگ جنگی فیصلے نہیں ہوسکتے۔
لبنانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد ایک ایسی خودمختار ریاست قائم کرنا ہے جو اپنے فیصلے خود کرے، اپنی سرزمین پر مکمل اختیار رکھے اور علاقائی تنازعات میں لبنان کو دوبارہ میدان جنگ بننے سے محفوظ رکھے۔