اماراتی صدر نے نیتن یاہو کو 7 اکتوبر سے پہلے ہی حملے سے خبردار کردیا تھا، نیویارک ٹائمز

اس بات کی تصدیق دو ایسے ذرائع نے کی جو اس گفتگو سے واقف تھے


ویب ڈیسک September 26, 2026

نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ستمبر 2023 کے آخر میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے رابطہ کرکے انہیں بتایا تھا کہ حماس گروپ ایک بڑے حملے پر غور کر رہا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس بات کی تصدیق دو ایسے ذرائع نے کی جو یا تو اس گفتگو سے واقف تھے یا انہیں اس میں شامل شخص نے بریف کیا.

اہم بات یہ ہے کہ ابتدائی طور پر یہ دعویٰ اسرائیلی اخبار ہآرتس نے شائع کیا تھا، لیکن اس وقت نیویارک ٹائمز نے اسے آزادانہ طور پر تصدیق شدہ نہیں قرار دیا تھا۔ اب ٹائمز نے اپنے ذرائع کے ذریعے اس رابطے کی مزید تصدیق کی ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق، 1 اکتوبر 2023 کو نیتن یاہو نے اعلیٰ اسرائیلی سکیورٹی حکام کے ساتھ غزہ کی صورتحال پر اجلاس کیا، لیکن اجلاس کے منٹس میں اماراتی انتباہ کا ذکر نہیں تھا۔ پانچ سابق اعلیٰ اسرائیلی سکیورٹی حکام نے بھی ٹائمز کو بتایا کہ یہ انتباہ سکیورٹی قیادت تک نہیں پہنچا تھا۔

اسی اجلاس میں بعض سکیورٹی حکام نے حماس کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی تجویز دی، جبکہ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے غزہ میں کشیدگی کم رکھنے پر زور دیا اور سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ سفارتی تعلقات کے عمل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا۔

تاہم نیتن یاہو اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ انہیں ذاتی طور پر اماراتی صدر کی طرف سے ایسا انتباہ ملا تھا۔ ستمبر کے اوائل میں نیویارک ٹائمز نے بھی اس دعوے کو اس وقت غیرمصدقہ قرار دیا تھا۔