کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے انسداد اغوا برائے تاوان نے کارروائی کرتے ہوئے 11 سالہ مغوی بچے کو بازیاب کروالیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی سی ڈی انسداد اغوا برائے تاوان سیل نے تھانہ نشترکالونی کی حدود سے لاپتہ ہونے والے 11 سالہ بچے نور عامر کو تلاش کر لیا۔
والدین نے بچے کے اغوا کا مقدمہ 8 روز قبل تھانہ نشتر کالونی لاہور میں درج کروایا تھا جس پر سی سی ڈی نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی اور سراغ لگا لیا۔
گمشدہ بچے کو تھانہ مانگا منڈی کی حدود سے بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔
بچے کی بازیابی کے لیے والدین نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی تھی جبکہ والدین نے بچے کی بازیابی پر سی سی ڈی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال، چائلڈ لیبر ہماری ریڈ لائن ہے۔