گینگ ریپ کا شکار غیرملکی خاتون کی پنجاب اسمبلی میں موجودگی کی تصاویر سامنے اگئیں، تحقیقات میں پیشرفت

غیر ملکی خاتون جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے چائے کیفے میں جاتی رہتی تھی اور اس کا متعدد لوگوں سے ملنا جلنا تھا


ویب ڈیسک September 27, 2026

لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں پولیس نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی، گاڑی کو تھانہ ڈیفنس سی منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق آذربائیجان کی رہائشی خاتون ڈیانا کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے، میڈیکل رپورٹ میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ گاڑی کی مدد سے مرکزی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق زیادتی کرنے والے دو ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ تیسرے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ایس پی کینٹ عاصم افتخار کی سربراہی میں بنائی گئی ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تین سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی خاتون جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے چائے کیفے میں جاتی رہتی تھی اور اس کا متعدد لوگوں سے ملنا جلنا تھا۔ خاتون کی پنجاب اسمبلی میں موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی خاتون نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی بنا رکھا تھا اور وہ ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی تھی۔

ڈیفنس سی کے علاقے میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی غیر ملکی لڑکی ڈیانا سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔

تھانہ ڈیفنس سی میں ڈیانا کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے، جبکہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کے مطابق مبینہ اجتماعی زیادتی میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس ملزمان تک پہنچ چکی ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت عمر، محسن اور تنویر کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے غیر ملکی لڑکی کو ٹریپ کرکے لے جانے کے لیے سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی، جو مبینہ ملزم تنویر کی ملکیت ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی تحویل میں لے لی ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جنہیں نجی سوسائٹی اور ڈیفنس سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے تینوں افراد ملزمان کے رشتے دار ہیں اور انہیں سہولت کاری کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے شک کی بنیاد پر 15 افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔ سندر کے علاقے سے ملزمان محسن اور تنویر کے گھر والوں کو حراست میں لیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق سی سی ڈی آپریشنز اور انویسٹی گیشن پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سندر نجی سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں ملزمان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دو خواتین سمیت پانچ مبینہ ملزمان کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ مفرور ملزمان میں مسکان اور اس کے ساتھی شامل ہیں۔ ملزمان سے مبینہ تعلق رکھنے والے سہولت کار بھی زیرحراست ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔

دستاویزات کے مطابق ڈیانا مارچ سے مئی کے دوران دو مرتبہ پاکستان آچکی تھی جبکہ اب تیسری بار پاکستان آئی۔ ڈیانا کی تاریخ پیدائش 22 مئی 2004 اور پاسپورٹ نمبر C05405514 ہے۔ وہ 4 مارچ کو فلائٹ نمبر HY461 کے ذریعے تاشقند سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی اور 20 مارچ کو فلائٹ نمبر J2146 کے ذریعے باکو، آذربائیجان واپس گئی۔

دستاویزات کے مطابق ڈیانا 22 مئی کو دوسری بار فلائٹ نمبر PA469 کے ذریعے باکو سے پاکستان آئی، جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق پندرہ روز قبل وہ تیسری بار لاہور آئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق غیر ملکی لڑکی کپڑے کے کاروبار کے سلسلے میں لاہور اور فیصل آباد آنا جانا کرتی تھی اور اچھی طرح اردو زبان سمجھ اور بول سکتی ہے۔