بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کے لیے نئے گرڈ شیئرنگ چارجز کی تجویز

مجوزہ ترامیم کے مطابق ایسی عمارتیں جنہیں 500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے مخصوص ٹرانسفارمر کی ضرورت ہوگی


ویب ڈیسک September 27, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

نیپرا نے بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کے لیے گرڈ شیئرنگ چارجز سے متعلق نئے قواعد تجویز کر دیے، مجوزہ ترامیم پر عوام سے رائے طلب کرلی گئی۔

نیپرا کی جانب سے کنزیومر سروس مینوئل میں مجوزہ ترامیم کے مطابق ایسی عمارتیں جنہیں 500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے مخصوص ٹرانسفارمر کی ضرورت ہوگی، ان کے مالکان گرڈ شیئرنگ چارجز ادا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

مجوزہ ترامیم کے تحت صنعتی صارفین کو مجموعی طور پر 15 میگاواٹ تک بجلی کے متعدد کنکشن حاصل کرنے کی اجازت دینے کی بھی تجویز ہے، جبکہ صنعتی اور اسٹیل فرنس صارفین کیلئے چارجز پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔

نیپرا نے بجلی کی عارضی منقطع کرنے کے قواعد مزید سخت کرنے اور بجلی چوری کے کیسز میں ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کی مدت 12 ماہ تک بڑھانے کی تجویز بھی دی ہے۔

موجودہ قواعد کے تحت گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارتیں کثیر المنزلہ یا بلند عمارتوں کے زمرے میں شامل نہیں، جس کے باعث ان پر گرڈ شیئرنگ چارجز عائد نہیں ہوتے۔