پی ٹی آئی احتجاج کیلیے تربیت یافتہ غنڈے لاہور لانے کا منصوبہ پکڑا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز

گرفتارشخص کے موبائل سے ملنے والی آڈیو میں خاتون رہنماغنڈوں کو تربیت دے کرلاہور بھیجنے کا مطالبہ کر رہی ہیں، پولیس


ویب ڈیسک September 27, 2026
فوٹو فائل

لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کے حوالے سے آڈیو سامنے آئی ہے جس میں خاتون رہنما غنڈوں کو تربیت دے کر لاہور بھیجنے کا مطالبہ کر رہی ہیں جبکہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور آڈیو ان کے ذریعے سامنے آئی ہے۔

لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر بہت سے بیانات سامنے آرہے ہیں کہ 27 ستمبر یا 25 اکتوبر کا احتجاج پر امن ہوگا، ایک آڈیو سامنے آئی جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فاطمہ حیدر 20،30 غنڈوں کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ان غنڈوں کو باقاعدہ تربیت کر کے لاہور میں لائے جانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے غنڈوں کو لاہور میں لاکر 9 مئی جیسا وقوع کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کی یہ خاتون 9 مئی کی ملزمہ ہیں، ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے موبائل سے یہ آڈیو ملی ہے، ایسے بیانات ریاست کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، ریاست اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے بہت کچھ دیکھنا ہے، یہ چیزیں آپ کے سامنے رکھنے کا مقصد یہ تھا کہ پر امن احتجاج کا دعویٰ کرنے والے کیا کیا منصوبے بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور گرفتاری بہت جلد ہوگی جبکہ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کا نام امین ہے اور ان کے موبائل فون سے یہ آڈیو ملی ہے، ایسے غنڈوں کی تربیت کہاں ہوتی ہے یہ بھی ٹریس کیا جارہا ہے تاہم امین کا تعلق ساہیوال سے ہے، یہ اس خاتون کی فیملی کا ڈرائیور ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ یہ باہر سے لوگ منگوا رہے ہیں جس کا لاہور پولیس کو پتہ نہ ہو، اس آڈیو کا پی ایف ایس اے سے فرانزک کروایا جائے گا جبکہ مقدمہ ڈیفنس اے تھانے میں درج ہے، پر امن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر ان کا احتجاج پرامن نہیں رہا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس سی تھانے میں پیش آنے والے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں، متاثرہ خاتون کو پاکستان لاہور کے مقامات کا علم نہیں ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ اس کیس پر سی سی ڈی اور آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ مل کر کام کر رہے ہیں اور ملزمان کی گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔