پشاور:
ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہوگئے۔
ٹریفک پولیس کی وین پر فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبلز کی شناخت ہوگئی۔ فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل سلیم شاہ، کانسٹیل گل آمین اور ڈرائیور پیر فیاض شامل ہیں جبکہ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔
ٹریفک پولیس علاقے سے بھرتی کی گئی فورس ہے جو عوام کی خدمت پر مامور رہتی ہے لیکن خیبر پختونخوا کی حکومت شہریوں کی جان او مال کی حفاظت میں ناکام ہوگئی۔ علاقے کے عوام میں شدید غم و غصہ اور افسردگی پائی جاتی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک کے علاقے میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔