لاہور ہائیکورٹ سے زیادتی کے ملزم کی درخواستِ ضمانت منظور

خاتون کو ملزم سے کمپنی سے نکالے جانے کی رنجش تھی اس لیے جھوٹا مقدمہ درج کروایا، وکیل ملزم


ویب ڈیسک September 29, 2026

لاہور ہائیکورٹ نے زیادتی کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

جسٹس عبہر گل خان نے زیادتی کے مقدمے میں ملزم فیصل شبیر کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ ملک احد اعوان نے دلائل دیے۔

عدالت نے ملزم کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔

ملزم کے وکیل نے دلائل دیے کہ درخواست گزار فیصل آباد میں شپنگ کمپنی آفس میں بطور مینیجر کام کرتا ہے، مدعی خاتون اسی کمپنی میں کام کرتی تھی اور خاتون کو ملزم سے کمپنی سے نکالے جانے کی رنجش تھی۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ خاتون نے ملزم کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا، خاتون کے میڈیکل رپورٹ سے بھی زیادتی ثابت نہیں ہوئی، درخواست گزار ملزم 22 جون سے بے گناہ قید میں ہے۔

ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت درخواست گزار کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔