نوازشریف کا ذہن اگر جمہوری ہوتا تو یہ مشکلات پیدا ہی نہ ہوتیں مخدوم جاوید ہاشمی

یقین سے کہتا ہوں کہ تمام معاملات کو جمہوریت اور آئین کے مطابق حل کرلیں گے، صدر پاکستان تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 28, 2014
عمران خان اب بھی وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں،صدر تحریک انصاف، فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ نوازشریف 30 سال سے اقتدار میں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا ذہن جمہوری نہیں اگر حکمرانوں کا ذہن جمہوری اور پارلیمانی نظام کو چلانے والا ہوتا تو آج یہ مشکلات پیدا نہ ہوتیں۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حالات کو بہتر بنانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے لیکن حکومت اپنی اور قوم کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کررہی ہے، حکومت معاملات کو صحیح طریقے سے کنٹرول نہیں کرپارہی اور سب کچھ عمران خان کے کھاتے میں ڈالا جارہا ہے جبکہ نوازشریف 30 سال سے اقتدار میں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا ذہن جمہوری نہیں اگر حکمرانوں کا ذہن جمہوری اور پارلیمانی نظام کو چلانے والا ہوتا تو آج یہ مشکلات پیدا نہ ہوتیں۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب نوازشریف کے ساتھ تھا تو ہم انہیں اسمبلی میں آنے کا کہنے کے لیے ان کی منت سماجت کرتے تھے لیکن وہ اس کے باوجود اسمبلی میں نہیں آتے تھے، آج بھی جمہوریت کو چلانے کی ذمہ داریاں نوازشریف پر تھیں لیکن حکومت نے جمہوری رویہ اختیار نہیں کیا، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ پارلیمنٹ ہمیں ووٹ دے کر وزیراعظم منتخب کرے اور اگلے دن سب مر جائیں لیکن اس طرح جمہوریت نہیں چلتی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اگر کسی خطرے میں دکھائی دی تو اس کے لیے قربانیاں دیں گے اور جمہوریت کو کہیں نہیں جانے دیا جائے گا،یقین سے کہتا ہوں کہ تمام معاملات کو جمہوریت اور آئین کے مطابق حل کرلیں گے۔

تحریک انصاف کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آئین کی بالادستی ختم کرنے،جمہوریت اور پارلیمنٹ کو توڑنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا تاہم وہ اب بھی وزیراعظم نوازشریف کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں اور ہمارا مطالبہ بھی نوازشریف کا استعفیٰ ہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں