ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بے نقاب کردیا

کشمیر میں پاکستانی آرمی پرسنل کی ہلاکت کا دعویٰ جھوٹ نکلا، ترجمان پاک فوج نے آصف الیاس کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا


ویب ڈیسک October 01, 2026

اسلام آباد:

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا بھاںڈا پھوڑ دیا، بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی آرمی پرسنل آصف الیاس کشمیر میں مارا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے آصف الیاس کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔

پریس بریفنگ میں انہوں ںے بتایا کہ 29 ستمبر کی رات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کور نے ایک ٹوئٹ کیا جو کہ بھارتی کور کے جوائنٹ سرچ آپریشن سے متعلق تھا، بھارتی کور نے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے اندر آپریشن سے کیا گیا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ساڑھے سات گھنٹے بعد بھارتی ملٹری کی جانب سے ایک اور اپ ڈیٹ دی گئی، 30 ستمبر کو دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش ملی ہے جس کی شناخت محمد آصف الیاس عرف ہاشم موسیٰ کے نام سے ہوئی اور دعویٰ کیا گیا کہ دہشت گرد کا تعلق پاکستان سے ہے بھارتی ایجنسی نے سروس نمبر کے ساتھ تفصیلات فراہم کیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے بعد میں جو تفصیلات فراہم کیں اس میں دہشت گرد کا نام آصف الیاس سے جوڑ دیا گیا جب کہ محمد آصف یہاں آپ سب کے سامنے بیٹھا ہے۔ اس موقع پر ترجمان پاک فوج نے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا جہاں آصف الیاس نے میڈیا کو حقیقت سے آگاہ کیا۔

احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی ملٹری کے بعد بھارتی حکومت نے بھی اس حوالے سے تفصیلات دیں، بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ مارا گیا شخص محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، محمد آصف کا شناختی کارڈ بھی دکھایا، بھارتی ملٹری اور بھارتی حکومت کے بیانات میں تضاد پایا گیا، کہا گیا آپریشن شیرووالی میں کامیابی ملی جب کہ یہ آپریشن مئی میں شروع ہوا تھا، کیا انہیں چھ ماہ بعد کامیابی ملی؟ فیک آپریشن میں کامیابی کے دعوے کیے گئے،بھارتی حکومت نے کہا آصف فوجی کے کارنامے بہت بڑے ہیں اسے بہت بڑا دہشت گرد بناکر پیش کیا گیا، ایسی خبروں سے اڑی اور پہلگام کی یاد تازہ ہوگئی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت کیسا ملک ہے جہاں اس بات پر ابھی نندن کو ایوارڈ ملا کہ اپنا جہاز گرایا، دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بھارت بن چکا ہے اور اُس نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبیل کر کے رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کشمیری عوام خود دنیا کے سامنے لارہے ہیں، بھارت دہائیوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سوال ہے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟ کہا گیا آپریشن شیرانوالی میں بڑی کامیابی ملی ہے، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی بھی بھارت کا پاکستان مخالف ایک اور چہرہ ہے۔

’2023 میں ریٹائر ہوچکا ہوں‘

س موقع پر آصف موسیٰ نے بتایا کہ 2008ء میں آرمی جوائن کی اور پھر 2023ء میں ایس ایس جی سی سے ریٹائر ہوکر پرائیوٹ سیکیورٹی کمپنی میں ڈیوٹی کی اور اب پنڈی میں فیملی کے ساتھ رہ رہا ہوں۔

’الحمد اللہ زندہ ہوں اور ملک کیلیے تیار ہوں‘

محمد آصف نے بتایا کہ مجھے دوستوں دوستوں نے فون پر بتایا کہ میرے متعلق بھارت سے خبریں چل رہی ہیں، لوگ مجھے فون کرکے بتا رہے تھے کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے مجھے شہید کردیا گیا جس پر مجھے حیرت ہوئی کہ اپنے گھرمیں ہوں تو مجھے کیسے بھارتی فوج نے شہید کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سوشل میڈیا دیکھا تو وہاں بھی بھارت کا دعویٰ دیکھا، اس پر میرے پاس کالز کا تانتا بندھ گیا اور بھارت سے بھی کالز آنا شروع ہوئیں پھر میں نے نمبرز بلاک کر کے اپنے افسران کو بتایا۔

محمد آصف نے کہا کہ الحمد اللہ زندہ اور آپ کے سامنے ہوں، پہلے بھی وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں،آئندہ بھی وطن کی خدمت کیلئے حاضر ہوں۔ سابق ایس ایس جی سی حوالدار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اپنے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے اور فالس فلیگ آپریشن کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

’آصف کی روح کہیں گئی نہیں تھی‘

ڈی جی آئی ایس آر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ آصف کی روح کہیں گئی نہیں وہ یہیں پر تھی، بھارتی حکام کو تمغے اور میڈل لینے کیلیے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کیے۔

’بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا، افغانستان کی دہشت گردی بھی بھارت کا ایک چہرہ ہے، بھارت آئینہ دیکھتا ہے تو دوسروں کو بھی دہشت گرد سمجھ کر ان پر الزام عائد کردیتا ہے، بدقسمتی سے ہمارا پالا گھٹیا دشمن سے پڑا ہے، کلبھوشن زندہ ہو یا مردہ یہ بھارت کے منہ پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔

’بھارت نے اگر کوئی مہم جوئی کی تو اس بار ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا‘

انہوں نے کہا کہ بھارت سمجھتا ہے ہر مسئلے کو دہشت گردی سے حل کیا جاسکتا ہے، بھارت کوئی ڈرامہ کرنا چاہتا ہے تو کرکے دیکھ لے، دشمن کے ہر اقدام کے لیے تیار ہیں یقین دلاتے ہیں کہ اس بار ہمارا جواب بڑا دردناک ہوگا، ملک سلامتی کے لیے جو بن پڑا کریں گے۔

’مکہ معاہدہ پر میڈیا پر بات نہیں ہوسکتی‘

انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ ڈسکس کیلیے نہیں اور اس پر کام ہورہا ہے، حرمین اور سعودی عرب کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مکہ معاہدہ کے دفاعی اور آپریشنز کے نکات پر عمل درآمد کیلیے پاکستان پُرعزم ہے۔

افغانستان کے ساتھ بات چیت

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی ایک ادارہ جو آئین کے ماتحت وفاق کے لیے کام کرتا ہے اور افغانستان سے رابطوں یا بات چیت کا سوال بھی وفاق سے ہونا چاہیے، ایک بات بالکل واضح ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت کیلیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنی سرزمین کے تحفظ کے بھرپور جواب دیتا رہے گا۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلے بھی اس بات کی وضاحت کرچکا ہوں اور ایک بار پھر کررہا ہوں کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس حوالے سے حکومت ہی بتا سکتی ہے۔

’ریاست ہے تو جمہوریت ہے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک بات سب کو یاد رکھنی چاہیے کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو جمہوریت ہے ریاست ہے تو آپ اور میں ہیں‘۔