اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت سے لاپتہ مسیحی شہری کی بازیابی کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی پولیس کو ایک گھنٹے میں شہری کو بازیاب کروانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ لاپتہ شہری افضل مسیح کو بازیاب کرا کے عدالت پیش کیا جائے، جسٹس ارباب محمد طاہر نے خاتون شہری رخسانہ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے ذوالفقار بھٹہ ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، درخواست گزار نے کہا کہ خاوند افضل تھانہ بہارہ کہو کے علاقہ ملپور سے لاپتہ ہے، علاقہ کے ایک بااثر شخص نے بھینس چوری کا الزام لگایا، بااثر شخص نے میرے خاوند کو حبس بے جا میں رکھاہواہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ پولیس کو درخواست دی لیکن کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔
عدالت نے کمرہ عدالت موجود وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل کو روسٹرم پر طلب کرلیا، عدالت نے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کو ہدایت ڈی ایس پی صاحب اس معاملہ کو دیکھیں۔
ڈی ایس پی لیگل نے کہا کہ پیر تک کا وقت دیاجائے، معاملہ دیکھ لیں گے،جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیر تک کا وقت نہیں ہے، ایک گھنٹہ میں مغوی کا بازیاب کرکے عدالت پیش کریں، عدالت نے ہدایات کے ساتھ سماعت میں وقفہ کردیا۔