پشاور:
دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری سے گاڑیوں اور سولر کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو نقصان پہنچا، شہریوں اور کاشکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گرمی کی چھٹی ہوگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا تاہم مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔
ادھر، رسالپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے جبکہ پشاور میں وقفے کے بعد پھر بارش شروع ہوگئی۔
لنڈی کوتل اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ترجمان پیسکو کے مطابق بارش کے باعث پشاور، خیبر، صوابی، مردان اور سوات میں مجموعی طور پر 83 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی، تاہم دیگر تمام فیڈرز پر بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔ پیسکو چیف اختر حمید خان کی ہدایت پر آپریشن ٹیم ہائی الرٹ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے وہاں بجلی کی بحالی کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بارش رکتے ہی مرمتی کام شروع کردیا جائے گا۔ صارفین بجلی سے متعلق شکایات کے لیے پیسکو ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج چترال، دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
نوشہرہ، چارسدہ، سوات، کوہستان، کرم، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔