پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے


ویب ڈیسک October 06, 2026

لاہور:

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں کو خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی۔ شہری آسمانی بجلی، بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھنے جبکہ والدین کو بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔