ایران نے امریکی غرور خاک میں ملا دیا، جنگ میں 81 فوجی طیارے حملے میں متاثر ہوئے، رپورٹ

امریکی فضائی نقصانات صرف براہ راست ایرانی حملوں تک محدود نہیں رہے، سی آر ایس رپورٹ


ویب ڈیسک October 07, 2026

ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی فضائی طاقت کو بھاری نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے کانگریشنل ریسرچ سروس کی رپورٹ کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 81 امریکی فوجی طیارے یا تو تباہ ہوئے یا انہیں نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثر ہونے والے طیاروں میں جنگی جیٹس، ہیلی کاپٹرز اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں شامل ہیں۔ تاہم مجموعی نقصان میں سب سے نمایاں حصہ ایم کیو نائن ریپر ڈرونز کا رہا جن میں سے کم از کم 45 ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضائع ہوئے۔

کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق امریکی فضائی نقصانات صرف براہ راست ایرانی حملوں تک محدود نہیں رہے۔

مارچ میں کویت کے اندر امریکی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے ایک واقعے میں 3 طیارے تباہ ہوئے جبکہ اپریل میں ایران کے اوپر ایک ایف 15 ای جنگی طیارہ بھی تباہ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر میں اردن کے ایک فضائی اڈے پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 15 ایف 8 طیاروں کو نقصان پہنچا، تاہم انہیں بعد میں دوبارہ آپریشنل کردیا گیا۔

اس کے علاوہ ایک ایف 35 اے لائٹننگ II، دو اے 10 تھنڈر بولٹ II اور کے سی 135-سی فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے بھی متاثر ہوئے۔

تجزیاتی طور پر یہ اعداد و شمار اس تاثر کو چیلنج کرتے ہیں کہ جدید امریکی فضائی برتری جنگ میں نقصانات سے تقریباً محفوظ رہ سکتی ہے۔

خاص طور پر بڑی تعداد میں ایم کیو-نائن ریپر ڈرونز کا ضائع ہونا ظاہر کرتا ہے کہ طویل فاصلے کی کارروائیوں اور نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے امریکی اثاثے بھی شدید خطرات سے دوچار رہے۔